ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد چودھری نے کووڈ-19 کے خطرات کے پیش نظر سرینگر ضلعے میں پابندیاں عائد کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
لوگوں کی نقل وحرکت محدود کرنے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا گیا جبکہ جگہ جگہ پر ناکے لگاکر لوگوں کے چلنے پھرنے کے علاوہ نجی گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی قدغن لگائی جا رہی ہیں۔
لال چوک کے ساتھ ساتھ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ انتظامیہ کے احکامات کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے مکمل طور غائب ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں اعلان کے ذریعے بھی لوگوں سے تلقین کی جارہی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور غیر ضروری بھیڑبھاڑ کرنے سے بھی اجتناب کریں۔
دوسری جانب کرونا وائرس کے احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھ کر محکمہ تعلیم نے تمام اساتذہ کو تاحکم ثانی گھروں پر ہی رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ادھر نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور اپنی پارٹی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اپنی سرگرمیاں یا تو معطل کیں یا پھر محدود کردی ہیں۔
نیشنل کانفرنسں کے صدر فاروق عبدللہ نے لوگوں اور خاص کر پارٹی کے لیڈران، عہدیداران اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورت کے پیش نظر فی الحال ان سے ملنے کا پروگرام موخر کر دیں۔