دنیا بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی آئے روز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں لگاتار اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ وہیں انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں عالمی وبا کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد سے ہی انتظامیہ نے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا شروع کر دیا تھا۔
سرینگر کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کا کہنا ہے کہ سرینگر کے مختلف جگہوں پر بیرون ممالک سے لوٹنے والے افراد کے لیے ویل نس مراکز (Wellness Centres) قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں 3000 سے زائد افراد کے رہنے کی سہولیات ہیں۔
اس ضمن میں ضلع انتظامیہ نے سب سے بڑا مرکز حیدر پورہ میں قائم کیا ہے جہاں 300 سے زائد افراد کے ٹھہرنے کا انتظام ہے۔ جدید سہولیات سے لیس اس سنٹر میں رکھے جانے والے افراد کو 15 روز کے لیے صحت کِٹ فراہم کیا جائے گا جس میں تولیہ، صابن، سینیٹائزر شامل ہیں۔
وادی میں سنیچر کو کورونا وائرس سے متاثرہ ایک اور خاتون کی موت واقع ہونے سے اس وبائی مرض سے اب تک کل 21 افراد فوت ہو چکے ہیں۔ وہیں وادی کشمیر میں گزشتہ 8 دنوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 10 افراد کا انتقال ہو چکا ہے۔ جن میں سے سات کی عمر پچاس برس سے زیادہ تھی۔
قابل ذکر ہے کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے 749 فعال اور 720 صحت یاب ہو چکے ہیں۔