سرینگر کے جے ایل این ایم ہسپتال سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 85 کووڈ 19 مریض صحت یاب ہوکر گھر رخصت کئے گئے ہیں، ان مریضوں میں 6 نو زائد بچے بھی شامل ہیں۔
رخصتی کے وقت ان مریضوں کو طبی عملے کی طرف سے گل دستے دئے جاتے ہیں تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہو اور اس سے سماج میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ان افراد کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔
جے ایل این ایم ہسپتال کی نوڈل افسر ڈاکٹر بلقیس شاہ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ تاحال اس ہسپتال میں 277 مریض داخل کئے گئے تھے جن میں اب صرف56 مثبت افراد ہی زیر علاج ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ مثبت مریضوں میں 14 حاملہ خواتین شامل ہیں جن کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں کووڈ19 میں مثبت پائے گئے مریضوں کی تعداد 4730 پہنچ چکی ہے، لیکن ان میں2591 ایکٹو پازیٹو ہیں۔
تا حال 53 افراد اس مہلک وائرس سے انتقال کر چکے ہیں وہیں انتظامیہ کے مطابق ابھی تک254059 کووڈ19 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں صحت یاب ہو رہے مریضوں کی شرح مرنے والوں سے بہت زیادہ ہے اور لوگوں کو زیادہ پریشان نہیں ہونا چاہیے، البتہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازم و ملزوم بن گیا ہے۔