پروفیسر جی ایم بٹ ڈین الیکٹرونکس کشمیر یونیورسٹی رواں ماہ کی 11تاریخ کو سرینگر کے رعناواری اہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال پر جہاں سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ انجمنوں نے اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ وہیں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے بھی اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو ایک سانحہ قرار دیا۔
ورچوئل تعزیتی اجلاس میں مشی گین اسٹیٹ یونیورسٹی یو ایس اے کے چیئرمین پروفیسر قاضی ایس اظہر اور چیئرمین سائنسی جائزہ کمیٹی مرکزی اسپیکر تھے۔ جبکہ پروفیسر جاوید مسرت وائس چانسلر لکھنئو یونیورسٹی نے اجلاس کی صدارت کی۔
پروفیسر قاضی اظہر نے کہا کہ 'پروفیسر کی موت نہ صرف ادارے کی موت ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی بہت بڑا نقصان ہے، جس کی بھرپائی کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'پروفیسر جی ایم بٹ ایک جدید سائنسدان تھے۔ان کے حوالہ جات، اشاعتیں، ان کے قابل قدر ہونے کی گواہی دیتی ہیں۔
حالیہ دنوں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھی بہت سارے پروفیسر صاحبان کے کووڈ کی وجہ سے انتقال پر بھی گہری دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر قاضی اظہر نے کہا کہ ' پروفیسر جی ایم بٹ کے چلے جانے سے تعلیم کے شعبے میں بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
تعزیتی اجلاس میں پروفیسر الطاف پنڈت، ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی، ڈاکٹر طارق عبدللہ، ڈاکٹر علی محمد، منظور احمد وانگنو،نزیر احمد، ڈاکٹر سجاد اطہر اور جی این خاموش کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے آخر پر مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی اور لواحقین کے ساتھ یکہجتی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔