سرینگر میں 29 سال بعد سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو وادی کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کے ساتھ کشمیر میں سردی کی لہر میں شدت آگئی ہے۔ "کشمیر ویدر" جو موسمیات کی پیش گوئی کرنے والا ایک آزاد ادارہ ہے کے مطابق جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں 14 جنوری کی رات کو 1991 کے بعد سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں منفی 8.4 ڈگری سیلشئس ریکارڈ کیا گیا جو 29 سال کے بعد شہر میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
1991 میں سری نگر میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وادی میں رات کے درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی کی وجہ سے ڈل جھیل اور یہاں کے دیگر آبی ذخیرے منجمد ہوگئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سرینگر کے علاوہ، وادی کے دیگر حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے بہت نیچے رہا۔
کشمیر، چالیس روز پر محیط سرد ترین سیزن مانے جانے والے چلہ کلاں کے وسط میں ہے، یہ سیزن 21 دسمبر کو شروع ہوا تھا اور 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس عرصے میں برف باری کے امکانات اکثر اور زیادہ تر ہوتے ہیں۔ تاہم، سردی کی لہر اس کے بعد بھی کشمیر میں 20 دن طویل 'چلہ-خورد' اور 10 دن پر محیط 'چلہ-بچہ' میں جاری رہتی ہے۔
وادی کشمیر میں حال ہی میں رواں ماہ کے شروع میں شدید برف باری ہوئی تھی، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے تھے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔