سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے جس کے باعث سردی تیز تر ہوئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں ماہ رواں کے آخر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر کو نحیف مغربی ہوائیں وارد وادی ہوسکتی ہیں جس کے نتیجے میں وادی میں چار دسمبر تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ Dry Weather in Kashmir
ادھر وادی میں سری نگر کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir Weather Update کشمیر میں نومبر کے آخر تک موسم خشک رہنے کا امکان
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ دریں اثنا وادی میں منگل کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔
یو این آئی