وادی کشمیر میں دوسرے مرحلے کے تحت آج یعنی 8 مارچ سے چھٹی سے لے کر آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے لئے اسکولوں میں کلاسز شروع کر دئیے گئے ہیں۔
بارشوں اور ہلکی سردی کے بیچ بچے طویل مدت کے بعد اپنے اپنے اسکول پہنچنے کے لئے بسوں کا بے صبری سے انتظار کرتے ہوئے دیکھے گئے اور اس دوران طلباء و طالبات پر جوش نظر آرہے تھے۔
پہلے مرحلے کے تحت یکم مارچ سے ہی نویں سے لےکر بارہویں جماعت کے طلباء و طالبات کے لئے اسکولوں میں درس و تدریس کی سرگرمیاں بحال کی جا چکی ہیں۔
ادھر نرسری تا مڈل اسکول سطح تک کے زیر تعلیم کمسن اور چھوٹے بچوں کے لئے 15مارچ سے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ تاہم محکمہ اسکولی تعلیم کے ذرائع کے مطابق اول سے لے کر پانچوں جماعت کے بچوں کے لئے اسکولوں کو کھلا رکھنا تعلیمی اداروں میں کووڈ کی صورتحال پر منحصر ہوگا۔
مزید پڑھیں؛ ہولڈنگ سنٹر منتقل کئے گئے روہنگیا مسلمانوں کو رہا کرنے کی اپیل
خیال رہے کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے گزشتہ ہفتے ایک حکمنامہ جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر ڈویژن میں 8مارچ کو صرف چھٹی تا آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لئے ہی اسکول کھلیں گے۔
طویل مدت بعد ہائی سے لے کر ہائر اسکنڈری سطح کے اسکولوں کو کھولے جانے کے بعد اب چھٹی تا آٹھوں جماعت کے تمام سرکاری اور نجی اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں۔
اسکولوں میں درس وتدریس کی سرگرمیاں شروع کرنے سے قبل وضع کئے گئے تمام رہنمایانہ خطوط عملائے جا رہے ہیں۔ جہاں طلبا و طالبات کا اسکولوں کے اندر داخل ہونے کے ساتھ ہی تھرمل اسکریننگ عمل میں لائی جارہی ہے۔ وہیں سینیٹائزر کی دستیابی اور ماسک پہننے پر خاص دھیان رکھا جا رہا ہے۔ کسی بھی طالب علم کو بنا ماسک کے اسکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
ایک برس کے زائد عرصے کے بعد طلباء و طالبات کا اسکولوں کا رخ کرنے سے ایک خوشگوار ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایک جانب جہاں اساتذہ بچوں کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے دیکھے گئے وہیں دوسری جانب طلباء و طالبات کے چہروں پر بھی خوشی صاف جھلک رہی تھی۔
مزید پڑھیں: رامبن: کرین ٹوٹنے سے آپریٹر ہلاک اور دو ملازم زخمی
واضح رہے کہ یکم مارچ سے اسکولوں کو کھولے جانے سے قبل گزشتہ ماہ فروری کی 15تاریخ سے کشمیر وادی کے تمام کالجوں میں بھی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیاں بحال کی گئی ہیں۔ البتہ کروناوائرس کی وبائی بیماری کو ملحوظ رکھکر بعض کالجوں اور اسکولوں میں آرڈ ایون (Odd Even) اور بعض میں شفٹ سسٹم کی بنیاد کے مطابق پڑھایا جارہا ہے۔