بھارتی فوج کی چنار کور نے منگل کے روز سرینگر کے بادامی باغ فوجی چھاؤنی میں 74 واں یوم انفنٹری منایا۔ اس دن کو منانے کا مقصد 1947 میں جموں و کشمیر میں پاکستانی حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کی عظیم قربانی کا احترام کرنا ہوتا ہے۔
چنار کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو کی جانب سے تقریبات کا آغاز ہوا۔ بادامی باغ چھاؤنی کے وار میموریل میں تمام افسران نے ہلاک فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل راجو نے بتایا 'میں اس دن اونچائیوں والے علاقوں میں تعینات انفنٹری کے جوانوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ انفنٹری وہاں کام کرتی ہے جہاں کوئی دوسری طاقت نہیں آسکتی ہے۔ میں اپنے فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لئے دعاگو ہوں۔'
بھارتی فوج ہر سال 27 اکتوبر کو 'انفنٹری ڈے' کے طور پر مناتی ہے، کیوں کہ اس دن ہی سکھ رجمنٹ کی پہلی بٹالین سری نگر ائیر بیس پر اتری اور پاکستان کی پشت پناہی والے قبائلی حملہ آوروں کے مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے عزم اور غیرمعمولی ہمت کا مظاہرہ کیا۔