سرینگر: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر مختار احمد نے صبح کے وقت دھند میں باہر نکلنے والے بچوں اور بزرگوں کو احتیاطی طور پر ماسک لگانے کی تاکید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں 27 نومبر تک دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران سردی میں بھی اضافہ ہی متوقع ہے۔
بتادیں کہ سرینگر میں گذشتہ چند روز سے صبح کے وقت گہری دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کئی علاقوں میں منگل کی صبح بھی دھند چھائی رہی۔دھند چھائی رہنے سے جہاں سرینگر ہوائی اڈے پر صبح کے وقت کم سے کم تین پروازوں کو تاخیر ہوئی وہیں زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی قدرے متاثر ہوئی۔
موصوف ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں بتایا کہ سرینگر میں 27 نومبر تک دھند چھائی رہنے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کچھ علاقوں میں گہری دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'بچے اور بزرگ جن کو اس دھند میں باہر نکلنا پڑتا ہے، کو چاہئے کہ وہ بنا بر احتیاط ماسک لگا کر باہر نکلیں'۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ گاڑیاں چلاتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ صبح اور شام کے وقت روشنی کم ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:
کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج
مختار احمد نے کہا کہ وادی میں آنے والے دنوں میں سردی میں اضافہ درج ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں فی الوقت درجہ حرارت میں بھی بہتری واقع ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
(یو این آئی)