جموں: بی جے پی کے سینئر لیڈر دویندر سنگھ رانا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں جب بھی الیکشن ہوں گے تو بی جے پی بھاری اکثریت سے سرکار بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہے تاہم الیکشن کب منعقد ہوں گے یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو لینا ہے۔ لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: 'جہاں تک جموں وکشمیر میں الیکشن کے انعقاد کا تعلق ہے تو یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو لینا ہے کہ کب چناؤ ہوں گے لیکن جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے تو بی جے پی الیکشن لڑنے کے لیے کل بھی تیار تھی اور آج بھی تیار ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جو الیکشن لڑنے کے لیے ہمیشہ تیار ہوتی ہے۔
رانا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جب بھی الیکشن ہوں گے تو بی جے پی بھاری اکثریت سے سرکار بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کی بھلائی کے لیے جس طرح کے اقدام کیے ہیں ان سے زمینی سطح پر بدلاؤ آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں بی جے پی کہیں نہیں ہیں وہ در اصل اپنا وجود کھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: 'اگر جموں و کشمیر کے حالات خراب ہوئے تو اس کی ذمہ دار کانگریس پارٹی ہے'۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو کبھی بھی کوئی نقصان ہوگا تو ہم سب سے پہلے ان کے ساتھ کھڑا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم لوگوں کے مسائل لے کر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے پاس گئے تو ان کا رد عمل ہمیشہ مثبت تھا اور انہوں نے ان پر کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: Devendra Singh Rana on JK Elections: بی جے پی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے تیار
یو این آئی