جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کی پریس کالونی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیر یونٹ نے اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے کے خلاف احتجاج کیا۔ بی جے پی کے احتجاجی لیڈران و کارکنان نے وسیم رضوی کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان کے ہاتھوں میں پلے کارڈس موجود تھے جن پر وسیم رضوی ملعون کو سزا دو جیسے نعرے درج تھے۔
پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ بی جے پی سبھی مذاہب کی عزت کرنے والی جماعت ہے اور وسیم رضوی کے اقدام کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے وسیم رضوی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے اسلام دشمن طاقتوں کا آلہ کار رہا ہے تاکہ مسلمانوں میں فتنہ و فساد کے بیج بوئے جا سکیں۔
ان کا مزید کہان تھا کہ 'قرآن پاک انصاف اور انسانیت کا درس دیتا ہے، سب سے بڑا دہشت گرد وسیم رضوی ہے جس نے انسانیت کو لہولہان کیا ہے، اس نے قرآن پاک نہیں پڑھا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ شیطان جیسی باتیں کرتا ہے'۔ بتادیں کہ وسیم رضوی نے قرآن پاک سے 26 آیتوں کو حذف کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ میں ایک عرضی دائر کی ہے۔