سرینگر: شہر سرینگر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت دردست لیے گئے کئی کام جاری ہیں، لیکن جاری تعمیراتی کاموں میں ایسے کئی پراجکٹس ہیں جو ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود ابھی تک مکمل نہیں ہوپائے ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں صوبائی کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے ان کاموں سے وابستہ تمام افسران، اہلکاروں اور ٹھیکیداروں کو 14 اپریل یعنی مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کی تھیں، تاہم اب آخری تاریخ گذرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوئے۔
کنکریٹ کے کام ،فٹ پاتھ، ٹائلنگ کے کام، پانی کی نکاسی، زمین کیبلینگ کا کام، لینڈ سکیپنگ اور ٹرفنگ وغیرہ ایسے کام ہیں جن کے مکمل کرنے کی آخری تاریخ گزر چکی یے۔اس کے علاوہ تاریخی گنٹھہ گھر کی تزئین و آرائش کا کام بھی تاحال جاری ہے۔ تعمیراتی کاموں کے نتیجے میں ٹریفک جام کے بدترین مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں،جس کے نتیجے میں مسافروں کو تکلیف دہ صورتحال اور ذہنی کوفت سے جوجنا پڑ رہا ہے۔
تاہم ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر خان جو کہ سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے سی ای او بھی ہیں کے مطابق اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت کئی ایسے منصوبے ہیں جو 15 اپریل تک مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ تعمیراتی کام جیسے پولو ویو مارکیٹ، کشمیر آرٹس ایمپوریم کی روشنی، پریس انکلیو اور دیگر مقامات 15 اپریل سے پہلے مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم اے روڈ پر کام 22 اپریل کو ختم ہونا تھا لیکن بارش کی وجہ سے کام میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک عارضی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ تمام کام وقت پر ختم ہوں۔ بعض اوقات خراب موسم اور دیگر چیزیں کام میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ ایس ایم سی کمشنر نے مزید کہا کہ اب وہ جہانگیر چوک اسٹریچ، بٹہ مالو اور جھیل ڈل سمیت دیگر مقامات پر کام شروع کر رہے ہیں اور ان منصوبوں کی مکمل کرنے کی تاریخ الگ الگ مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہ لال چوک میں پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے بعد یہ کام ڈاون ٹاؤن علاقوں میں مختلف مقامات پر شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:Mehta Reviews Smart City Poject چیف سیکریٹری نے سرینگر اسمارٹ سٹی کی پیش رفت کا لیا جائزہ
قابل ذکر ہے کہ شہر کو جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر خوبصورت اور جاذب نظر بنایا جا رہا ہے۔ جی 20 یہ سربراہ اجلاس اگلے ماہ مئی کے آخری ہفتے یعنی 22 سے 24 مئی تک سرینگر میں منقعد ہونا ہے۔