سرینگر: مرکزی سرکار نے جموں کشمیر کیڈر کے سینیئر انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس افسر اَٹل ڈولو کو جموں کشمیر میں واپس تعینات کیا ہے اور وہ یونین ٹریٹری کے اگلے چیف سیکرٹری ہوسکتے ہیں۔
اَٹل ڈولو سنہ 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں اور مرکزی سرکار نے ان کو گزشتہ برس باڈر منیجمنٹ سیکریٹری کے عہدے پر مرکز میں تعینات کیا تھا، تاہم مزکری وزارت داخلہ نے آج ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے اَٹل ڈولو کی جموں کشمیر میں واپس تعیناتی کو منظوری دی ہے۔
اَٹل ڈولو یونین ٹریٹری میں سینیئر ترین آئی اے ایس افسر ہیں، جس کے باعث وہ جموں کشمیر کے اگلے چیف سیکرٹری بن سکتے ہیں۔ اَٹل ڈولو وادی کشمیر کے ضلع کولگام کے کلم گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں،تاہم ان کے والد سنہ 1960 میں سرینگر منتقل ہوگئے تھے اور وہ تب سے شہر میں ہی رہائش پذیر ہوئے تھے، بعد ازاں وہ دہلی چلے گئے تھے۔
مرکز میں تعیناتی سے قبل اَٹل ڈولو محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن کے فائنانشل کمشنر تعینات تھے اور آخری محکمہ زراعت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری رہے۔
جموں وکشمیر میں اس وقت آئی اے ایس افسر ڈاکٹر ارون کمار مہتا چیف سیکرٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔ وہ رواں ماہ کی 30 تاریخ کو ملازمت سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ ارون کمار مہتا کو دو سال قبل بی وی آر سبھرانیم کی جگہ پر چیف سیکرٹری جموں و کشمیر تعینات کیا گیا تھا۔ ارون کمار مہتا نے بطور چیف سیکرٹری کئی متنازعہ بیانات دئے اور سرکاری ملازمین پر الزام عائد کیا کہ ان میں سے 2۰50 لاکھ ملازمین غیر قانونی طور یا بیک ڈور طریقے سے سرکاری نوکری حاصل کر چکے ہیں۔