سرینگر: کُل جماعتی حریت کانفرنس جس کی قیادت میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کررہے ہیں نے بھارت کی ریاست اڈیشہ میں مسافر ٹرینوں کے ایک بھیانک حادثہ میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت اور ایک ہزار سے زیادہ افراد کے شدید زخمی ہونے پر سخت افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک انسانی المیہ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قیمتی انسانی جانوں کا زیاں کہیں بھی ہو، چاہے تنازعات کے تناظر میں یا زمینی و آسمانی حادثات اور واقعات کی صورت میں حد درجہ المناک اور قابل افسوس ہے اور پوری انسانیت کیلئے ایک المیہ اور لمحہ فکریہ ہے۔
مزید پڑھیں: Trains Accident وزیراعظم، صدر، نائب صدر اور دیگر کا اڈیشہ میں ٹرین حادثے پر تعزیت کا اظہار
حریت نے ٹرینوں کے تصادم میں ہلاک ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا کی۔ واضح رہے کہ ریاست اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہنگا بازار اسٹیشن پر 12841 اپ چنئی شالیمار کورومنڈیل ایکسپریس اور 12864 بنگلورو ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس گذشتہ روز شام کو ایک کے بعد ایک پٹری سے اتر گئیں اور اس حادثے میں اب تک 261 افراد ہلاک جبکہ 900 سے زائد زخمی ہونے کی رپورٹ ہے۔
(یو این آئی)