سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنی اور اپنے نظر بند سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے خلیفہ راشد حضرت شیر خدا ،داماد مصطفی ﷺ جناب علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہٗ کے یوم شہادت پر شہنشاہ ولایت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔بیان میں حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہٗ کی عظیم شخصیت ، دین اسلام کے تئیں ان کی لافانی خدمات اور قربانیوں اور اپنے دور خلافت میں اسلامی مملکت کے فروغ کے حوالے سے خدمات اور کارناموں کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ آپ کی مبارک زندگی کا ہر پہلو ایک روشن اور درخشندہ باب ہے جس سے تاقیام قیامت روشنی اور رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی۔
انجمن نے اس امر پر ایک بار پھر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ میرواعظ کشمیر کی گزشتہ تقریباً چار سال سے نظر بندی کے سبب امسال بھی ماہ رمضان کے متعدد دینی و تبلیغی پروگرام جن میں 21 ماہ رمضان المبارک شہادت حضرت علی المرتضیٰ ؓ کی مناسبت سے صدیوں کی روایت کے مطابق وادی کے معروف آستانہ عالیہ دستگیر صاحب سرائے بالا سرینگر میں بھاری عوامی اجتماع میں حضرت شیر خدا کو خراج عقیدت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی انقلاب انگیز زندگی پر مفصل روشنی ڈالتے تھے۔ موصوف کی مسلسل نظر بندی اور قدغنوں کے سبب ممکن نہیں ہو سکا جو حد درجہ افسوسناک ہے جبکہ عوامی حلقے اس ضمن میں حکام کے رویے کی مذمت کررہے ہیں۔
ادھر حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہٗ حضرت علی کے یوم شہادت کی مناسبت سے شیعہ آبادی والے علاقوں میں بھی رات بھر شب خوانی کا اہتمام ہوا۔ سرینگر لکے علاوہ بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، پلوامہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی چھوٹی بڑی پر رونق مجالس کا اہتمام کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Martyrdom Anniversary of Imam Ali وادی بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا
بتادیں کہ حضرت علی بن ابی طالب پر خارجی ابن ملجم نے 26 جنوری 661ء بمطابق 19 رمضان، 40ھ کو کوفہ کی مسجد میں زہر آلود خنجر کے ذریعہ نماز کے دوران قاتلانہ حملہ کیا، علی ؓبن ابی طالب زخمی ہوئے، اگلے دو دن تک آپ زندہ رہے لیکن زخم گہرا تھا، چنانچہ جانبر نہ ہو سکے اور 21 رمضان 40ھ کو وفات پائی، آپؓ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی علیہٖ وآلہٖ وسلم کے چچا زاد بھائی اور داماد تھے اور امت مسلمہ کے خلیفہ راشد چہارم تھے۔