سرینگر: عوامی نیشنل کانفرنس کے سینیئر نائب صدر مظفر شاہ نے پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں مبینہ گستاخی کرنے والے بی جے پی کے لیڈروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے چینلوں پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہیے جو ایسے لوگوں کو پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دو لیڈروں کو پارٹی سے معطل کرنا کافی نہیں ہے بلکہ انہیں آئین کے تحت سزا ملنی چاہیے۔ موصوف نائب صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سرینگر میں نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ ANC Protest Against Nupur Sharma In Srinagar
انہوں نے کہا کہ 'ہم وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ ایسے لوگوں کو لگام لگائیں جو کھلے عام ہندو مسلم فتنہ کرانے کے درپے ہیں۔' ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے ان دو لیڈروں جنہوں نے ہمارے پیمبرﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے، کو آئین کے تحت سزا ملنی چاہیے۔
مزید پڑھیں:
مظفر شاہ نے کہا کہ جو گستاخی ان لیڈروں نے کی ہے اس کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں وزیر اعظم سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ایسے لوگوں کو پہلے ہی کنٹرول کیا گیا ہوتا تو وہ اس حد تک نہیں پہنچتے ہیں۔ یہ اسی کھلی چھوٹ کا نتیجہ ہے کہ وہ آج اس حد تک پہنچ گئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ دو لیڈروں کو پارٹی سے معطل کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ان کے خلاف باضابطہ کیس درج ہونا چاہیے اور انہیں تحت آئین سزا ملنی چاہیے۔ موصوف نے کہا کہ ہم کشمیر سے بھی ان کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائمز ناؤ جیسے چینلز پر بھی پابندی عائد ہونی چاہیے جو ایسے لوگوں کو پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔