سرینگر:عوامی نیشنل کانفرنس نے میر واعظ مولوی عمر فاروق کی طویل خانہ نظر بندی کے بعد رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے دیگر مقید سیاسی اور مذہبی لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔عوامی نیشنل کانفرنس کا اجلاس ہفتہ کو پارٹی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ میر محمد شفیع کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں میر واعظ عمر فاروق کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ میر واعظ کا منصب صدیوں سے کشمیریوں کو علم و دانش اور مذہبی تعلیم و تربیت سے آرستہ کراتا آیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر محمد یوسف شاعر نے میرواعظ کی رہائی کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ سے جیلوں میں نظر بند دیگر مذہبی لیڈروں،علمائے کرام ،سیاست دانوں اور صحافیوں کو بھی رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
میٹنگ میں پارٹی کے سینیئر لیڈران دین محمد وانی،محمد سلطان بٹ،راہی ریاض،حاجی لطیف شالہ،ایڈوکیٹ عبد المجید صوفی،راجہ افتخار،سجاد ڈار اور نذیر احمد ڈار بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں: Mirwaiz Umar Farooq Released سیاسی رہنماؤں نے میر واعظ فاروق کی رہائی کا خیر مقدم کیا
قابل ذکر ہے کہ میر واعظ محمد عمر فاروق کو گزشتہ کل 4برس کے زائد عرصے کے بعد نظر بندی ہٹا دی گئی۔ ایسے میں میرواعظ نے کُل 211 جمعہ کے بعد تاریخی جامع مسجد سرینگر میں خطبہ دیا اور لوگوں سے خطاب بھی کیا۔میر واعظ محمد عمر فاروق کو 5 اگست 2019 میں دفعہ 370کی منسوخی سے قبل ہی اپنی رہائش گاہ واقع نگین سرینگر میں نظر کیا گیا تھا۔