سالانہ امرناتھ جی یاترا منگل سے شروع ہونے والی ہے۔ اس سلسلے میں 'ہریالی اماوس' کے موقعے پر پیر کو 'چھڑی مبارک' سرینگر کے شنکر آچاریہ مندر پہنچائی گئی۔
مہنت دپیندر گیری کی قیادت میں سادھؤوں نے چھڑی مندر پہنچائی اور پوجا پاٹ کا اہتمام کیا۔
اس موقعے پر گیری نے کہا: 'ملک کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے یاتریوں اور سادھؤوں نے 90 منٹ تک جاری رہنے والی پوجا پاٹ میں حصہ لیا۔ شنک کی آواز نے فضا کو روح پرور بنایا۔ اس موقعے پر جموں و کشمیر میں دائمی امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعاوں کا اہتمام کیا گیا۔'
گیری کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے رہنما خطوط کو مد نظر رکھ کر محدود یاتریوں اور سادھوئوں نے ہی پوجا پاٹ میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوروناوائرس کے درمیان امرناتھ یاترا کا آغاز
چھڑی مبارک کو امرناتھ گپھا پہنچانے سے قبل وادی کے مختلف مذہبی مقامات پر پہنچایا جاتا ہے جہاں خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ منگل کو چھڑی مبارک ہاری پربت کے شاریکا بھوانی مندر پہنچائی جائے گی۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب امسال سالانہ امرناتھ یاترا 21 جولائی سے شروع ہوکر اگست کی تین تاریخ کو اختتام پذیر ہوگئی۔ عموماً دو ماہ تک جاری رہنے والی امرناتھ یاترا میں لاکھوں یاتری حصہ لیتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 'عسکریت پسند امرناتھ یاترا کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں'
انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب امسال روزانہ صرف 500 یاتریوں کو مقدس گپھا کی جانب جانے کی اجازت دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھاجپا سرکار کی جانب سے آئین ہند کی دفعہ 370 کے خاتمے سے قبل ہی یاترا کو اچانک منسوخ کر دیا گیا تھا۔ منسوخی سے قبل تین لاکھ سے زائد یاتریوں نے سطح سمندر سے 12 ہزار 756 فٹ اونچی پر موجود گپھا کی زیارت کی تھی۔