جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پیر کے روز عوامی نمائندوں اور مختلف وفود سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق مختلف وفود نے ایل جی کے ایڈوائزر بصیر خان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی۔
سرینگر کے زینہ کدل سے آئی ہوئی ایک وفد نے بصیر احمد خان سے اپیل کی کہ ان کے علاقے میں کمیونٹی ہال کی تعمیر، پارکنگ کی سہولت اور فائر اسٹیشن قائم کیا جائے تاکہ انہیں مزید دشواریوں کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
مشیر نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ میں ان کے مطالبات کو شامل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کیا۔
وہیں گاندربل کے ایک وفد نے ضلع میں غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ، مشیر نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور تجاوزات ہٹانے میں غیر معمولی تاخیر پر اظہار برہمی کیا۔
اسی طرح متعدد ٹھیکیداروں پر مشتمل ایک وفد نے موصوف سے اپیل کی کہ ان کے زیر التوا رقومات کو فوری طور پر واگذار کیا جائے ۔ مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے معاملات جلد از جلد حل کرلیا جائے گا۔
ان کے علاوہ شہرِ خاص ٹریڈرز ایسوسی ایشن، فلاح بہبود کمیٹی، عثمان آباد، کاریگر ایسوسی ایشن کے وفد، امر سنگھ کلب کے ممبران اور بابا نگری وانگت کنگن، سید پورہ عیدگاہ ، بارہمولہ ، نورلہری پٹن اور مختلف علاقوں کے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ابہوں نے بصیر خان کے سامنے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل رکھے اور ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی اپیل کی۔
مشیر نے تمام افراد اور وفود کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ امور اور جائز مطالبات کو ترجیع بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔