سرینگر:جموں و کشمیر عوامی مجلس نے میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی چچی جان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بتادیں کہ میرواعظ کی چچی جان مختصر علالت کے بعد پیر کی صبح انتقال کر گئیں۔ متوفیہ تنظیم کے بانی شہیدِ ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کے بڑے بھائی مرحوم مولوی علی محمد جان کی شریک حیات تھیں۔
مرحومہ ایک عظیم،ملنسار، شفیق اور دیندار خاتون تھیں جس نے پوری زندگی ایک ہمدرد اور مشفق شریک حیات کے ساتھ ساتھ ایک ماں کی حیثیت سے بھی پورے خاندان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔
ادھر مرحومہ کی نماز جنازہ کی پیشوائی ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد میرواعظ نے بذات خود انجام دی جبکہ اس موقعہ پر زندگی کے مختلف مکاتب فکر سے وابستہ ذی عزت شخصیات اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، بعد میں مرحومہ کو ان کے آبائی قبرستان میں سُپرد خاک کیا گیا۔
مزید پڑھیں:
تعزیتی بیان میں تنظیم نے میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق، مرحومہ کے فرزندان خالد عمر اور حامد علی صاحب کے ساتھ رنج و الم کی اس گھڑی میں تعزیت اور تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی۔ بیان میں خاندان میرواعظین کے تمام افراد اور لواحقین کے ساتھ تنظیم کے جملہ کارکنان اور افراد کی طرف سے بھر پور تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔