سرینگر: کشمیر کے صوبائی کمشنر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ امسال جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے قریب چھ ہزار عازمین فریضہ حج انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے پہلی پرواز پانچ جون سے روانہ ہوگی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔Hajj 2022 Pilgrims j&k کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں حج ہاؤس میں انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ’اس سال جموں و کشمیر سے چھ ہزار کے قریب عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے پانچ ہزار چار سو کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ باقی صوبہ جموں اور لداخ کے ہیں۔ پی کے پولے نے کہا کہ ہر دن دو یا تین پروازیں عازمین کے قافلوں کو لے کر روانہ ہوں گی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس میں تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ عازمین کو پرواز کے مقررہ وقت سے چار ساڑھے چار گھنٹے قبل ہی پہنچنا ہے اور انہیں آر ٹی پی سی ٹیسٹ بھی کرانا ہے جس کے لیے جے وی سی ہسپتال میں سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:
- First Hajj Flight From Srinagar on June 5: جموں و کشمیر کے عازمین حج کی پہلی پرواز 5 جون کو روانہ ہوگی
- Hajj Preparation 2022 in J&K: حج تیاریوں سے متعلق ڈاکٹر عبدالسلام سے خصوصی گفتگو
قابل ذکر ہے کہ امسال کورونا وبا کی وجہ سے دو برس بعد غیر ملکی عازمین فریضہ حج انجام دیں گے۔ سعودی حکومت کی طرف سے جاری حج کوٹے کے مطابق امسال دنیا بھر سے دس لاکھ عازمین اس فریضے کو انجام دیں گے جبکہ بھارت سے 55 ہزار ایک سو 64 خواہمشند افراد حج کریں گے۔تاہم سعودی حکومت نے امسال 65 برس سے کم عمر کے افراد کو ہی حج انجام دینے کی اجازت دی ہے۔
(یو این آئی)