سرینگر: جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز یعنی جے کے اے ایس کے 1999 بیچ کے 24 افسران کو آئی اے ایس کیڈر میں شامل کرنے کو منظوری دے دی گئی ہے۔ جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز افسران کی آئی اے ایس میں شمولیت اس وقت کی جائے گی جب یو پی ایس سی اور پرسنل اینڈ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ یوٹی انتظامیہ کے ساتھ اپنی میٹنگ میں شمولیت کے لیے حتمی منظوری دے دیتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے 28 افسران میں سے 16 جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے افسران کو گزشتہ برس آئی اے ایس میں شامل کیا گیا تھا۔ جنہیں انڈکشن کے لئے کلئیر کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق سال 2022 کی 11 اسامیوں کے علاوہ رواں برس کے لیے 13 اسامیاں دستیاب تھیں جس سے آئی اے ایس میں شمولیت کے لیے کل 24 اسامیاں دستیاب ہیں۔
جموں وکشمیر میں فی الحال آئی اے ایس افسران کی قلت ہے اور مختلف محکموں میں مختلف عہدے مخلوعہ ہیں۔ کیونکہ جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز افسران کی آئی اے ایس میں شمولیت گزشتہ تقریبا 12 برس سے سنیارٹی تنازعات اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے نہیں ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں چار افسران کے تبادلے اور تقرریاں
واضح رہے کہ جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے ذریعہ منتخب کردہ افسران کا ریاست کے مختلف محکموں میں تقرر کیا جاتا ہے اور انہیں سنیارٹی اور کام کی بنیاد پر ترقی دی جاتی ہے اور آئی اے ایس کیڈر میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ تاہم جموں و کشمیر میں پچھلے ایک دہائی سے سنیارٹی تنازعات کے باعث جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے افسران کو آئی اے ایس کیڈر میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔