وادئ کشمیر میں بارشوں اور برفباری کے سبب سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے۔ وہیں، کچھ علاقے بارش کے سبب زیر آب بھی آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے وادی میں آئندہ تین دنوں تک رک رک کر بارش ہونے جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھی وادی کے بیشتر مقامات کی طرح گزشتہ تین روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم آج پہاڑی ضلع میں بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری بھی ہوئی جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ضلع شوپیاں میں دھند بھی چھائی رہی جس کے سبب گاڑیاں چلانے والے افراد کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گزشتہ دنوں سے باران رحمت کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے سردی کا مقابلہ کرنے کے لئے گرم ملبوسات زیب تن کئے ہوئے ہیں۔سردی سے بچنے کے آلات با لخصوص کانگڑیوں کو بھی دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
ضلع شوپیاں کے بالائی علاقوں جن میں پیر کی گلی، سکھ سراے، لال گلام اور مغل سراے میں ایک فٹ برف جمع ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔