شوپیاں: ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں ’’میری ماٹی، میرا دیش‘‘ مہم شروع کی گئی ہے جو اس ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی۔ اسی سلسلہ کے تحت ریاستی سطح کے ساتھ ساتھ گاؤں گاؤں اور بلاک سطح پر بھی شہری بلدیاتی اداروں سمیت مختلف محکمہ جات کی جانب سے مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیاں میں بھی شوپیاں پولیس کی جانب سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ایس پی شوپیاں تنو شری، ایڈشنل ایس پی شوپیاں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او شوپیاں کے علاوہ سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ ساتھ ہی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 178 اور 14 بٹالین کے کمانڈنگ افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ ادھر، ضلع شوپیاں کے ایک اور علاقے ہیرپوہ میں بھی ’’میری ماٹی میرا دیش‘‘ مہم کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
مزید پڑھیں: Tiranga Rally in Srinagar ترنگا ریلی پر محبوبہ مفتی اور بی جے پی کے مابین سیاسی جنگ
ہیرپوہ، شوپیاں میں ایک ترنگہ ریلی بھی برآمد کی گئی۔ ریلی کا اہتمام بی جے پی سرپنچ اعجاز احمد نے شوپیاں پولیس کے تعاون سے کیا جس دوران مقامی لوگوں نے ترنگا ہاتھوں میں لیکر ہیرپوہ سے لیکر پادپاون تک ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ اس ریلی میں اسٹیشن ہاؤس افسر ہیرپوہ، شوپیاں، جے پال سنگھ نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یونین ٹیریٹری کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھی ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سمیت گورنمنٹ ٹیچرز اور پولیس اہلکاروں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔