جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیان سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان دہلی میں لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ انکے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن شوپیان میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کے چکورہ حرمین علاقے کے رہنے والے دو نوجوان جن کی شناخت یاور غلام وانی ولد غلام محمد وانی عمر 22 سال اور داوود احمد ٹھکر ولد محمد یوسف ٹھکر عمر 22 دونوں نوجوان چکورہ شوپیان کے رہنے والے ہیں۔
انکے اہل خانہ نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا 'کچھ روز قبل تین نوجوان جن میں ڈرائیور داوود احمد، بیوپاری یاور احمد اور کنڈکٹر اکیل احمد ٹھکر شامل ہیں اپنے گھر سے ٹرک زیر نمبر JK22 A 6971 میں سیب آزاد پور منڈی دہلی لے جانے کے لیے گئے تھے'۔
انہوں نے کہا 'منگل کے روز دن کے قریب 1 بجے جب منڈی میں انکے ٹرک سے سیب اتارے جارہے تھے اسی دوران دونوں بازار سے گھر کے لیے کچھ چیزیں لانے کے لیے گئے جبکہ انکے ساتھ کنڈیکٹر اکیل احمد گاڑی میں ہی رکا۔ یاور احمد اور داوود احمد جب بازار کے لیے نکلے تو وہ واپس نہیں لوٹے جبکہ انکے فون بھی بند آرہے ہیں'۔
افراد خانہ نے مزید بتایا کہ انکے فون بند آنے کی وجہ سے وہ گھبرا گئے جسکے بعد انہوں نے پولیس اسٹیشن شوپیان میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
وحید پرا کی گرفتاری پر محبوبہ مفتی کا سخت ریمارک
ادھر ضلع کے ہی شال لٹو علاقے کے رہنے والے عبدل الرشید وانی جو مقامی لوگوں کے مطابق دہلی میں تعلیم حاصل کررہا تھا اور سوعیر احمد وانی جو ایک ٹرک کے ساتھ دہلی گیا ہوا ہے کے ساتھ بھی گھر والوں کا کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے۔
ان دونوں نوجوانوں کے حوالہ سے مزید جانکاری کے لیے انکے گھر والوں کے ساتھ رابطہ نہ ہوسکا۔ ان نوجوانوں کے افراد خانہ نے بھی پولیس اسٹیشن شوپیان میں رپورٹ درج کرائی ہے۔