جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں بدھ کے روز عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کی ایک ہی پارٹی پر دو بار حملہ کیا تاہم کسی بھی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فورسز اہلکاروں نے علاقے میں مزید اہلکاروں کو تعینات کردیا اور تلاشی آپریشن جاری ہے۔
قصبہ شوپیان کے بنہ بازار چوک میں عسکریت پسندوں نے بدھ کی صبح 11 بجکر 32 منٹ پر ڈیوٹی پر مامور 14 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر گرینڈ پھینک کر فائرنگ کی۔ سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جسکی وجہ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: شوپیان میں گرینیڈ حملہ
فورسز نے فوراً علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔ شام کے وقت قریب 6 بجکر 25 منٹ پر عسکریت پسندوں نے دوبارہ اسی جگہ پر ایک اور حملہ کیا۔ عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ تاہم کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔فورسز اہلکاروں نے صبح سے ہی حملہ آواروں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔