شوپیاں (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے قصبہ کے بٹہ پورہ علاقے میں ایک ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر شوپیاں، محمد یوسف بٹ، کے علاوہ دیگر عہدیداروں، کارکنان اور پارٹی سے منسلک افراد نے شرکت کی۔ پارٹی لیڈران نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارکنان سے پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کسان مورچہ صدر نشست کے لیے نثار احمد ڈھل کو منتخب کیا گیا۔
پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈران نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی واحد ایک ایسی پارٹی ہے جو عام لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کر رہی ہے اور بی جے پی عوامی مفادات کے تحت ہی کام کر رہی ہے۔‘‘ اس موقع پر بی جے پی ضلع اکاسئی سے منسلک سبھی لیڈران و کارکنان نے شرکت کی اور پروگرام میں کارکنان پر زور دیا گیا کہ وہ بی جے پی کو اپنے اپنے علاقوں میں مضبوط بنانے کے لئے کام کریں، ساتھ ہی ان پر زور دیا گیا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے وہ اپنے اپنے علاقوں میں تیاریاں شروع کر کے بی جے پی امیدواروں کو حلقہ سے بھاری اکثریت کے ساتھ جیت دلائیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر، شوپیاں، محمد یوسف بٹ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب سے مرکز میں بی جے پی کی سرکار بر سر اقتدار آئی ہے تب سے دور دراز علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو کافی حد تک بہتر بنایا گیا ہے، ساتھ ہی ان دور دراز علاقوں میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ بے روزگاری کا خاتمہ کرنے کے لیے لوگوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ آنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہم زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور لوگ اب بیدار ہو رہے ہیں ان کو اب پتا ہے کہ ہمیں کس پارٹی کا ساتھ دینا ہے اور کس طرح سے ہمیں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانا ہے۔
مزید پڑھیں: BJP Programme in JKEDI بی جے پی مہیلا مورچہ کا ایک روزہ پروگرام پامپور میں منعقد