جموں (جموں و کشمیر): صوبہ جموں کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک زنگ آلود اینٹی ٹینک بارودی سرنگ برآمد ہوئی ہے۔ سرنگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ حفاظتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ چکی ہے اور اینٹی ٹینک سرنگ کو ناکارہ بنائے جانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی ایک گشتی پارٹی کو جمعہ کو رات دیر گئے سانبہ کے ماوا گاؤں کے قریب بسنتر ندی کے کنارے ایک زنگ آلود بارودی سرنگ برآمد ہوئی جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں میں دھماکہ خیز مواد خصوصاً آئی ای ڈی برآمد ہوئیں جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا کر بڑے حادثات کو ٹال دیا۔
مزید پڑھیں: Terror Link Case بنگلور کی عدالت نے پاکستانی شہری سمیت تین کو مجرم قرار دیا
جنوری ماہ میں صوبہ جموں کے ضلع راجوری کے ڈنگری علاقے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے اقلیتی طبقہ پر کیے گئے حملوں کے بعد حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے کیے گئے سرچ آپریشن کے بعد راجوری پونچھ سمیت جموں ضلع میں بھی متعدد آئی ای ڈیز برآمد کی گئی تھیں جنہیں حفاظتی اہلکاروں نے ناکارہ بنا دیا تھا۔ ادھر، چند ہفتہ قبل جموں میں حفاظتی اہلکاروں نے پہلی مرتبہ پرفیوم نما دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا تھا۔