جموں: جموں و کشمیر کے سامبا سیکٹر میں چملیال بین الاقوامی سرحد پر رات میں پاکستانی ڈرون دیکھا گیا، ڈرون کو دیکھ کر بی ایس ایف کے جوانوں نے ڈرون پر فائرنگ کی جس کے بعد ڈرون پاکستان کی جانب واپس چلا گیا۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے، یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی جانب سے ڈرون کے ذریعے کوئی مشکوک چیز گرائی گئی ہے یا نہیں جبکہ جموں و کشمیر پولیس سرحدی علاقوں پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ پاکستان کی طرف سے پہلے بھی اس طرح کی حرکت کی گئی اور ڈرون کے ذریعے منشیات اور ہتھیار بھیجے گئے تاہم بی ایس ایف کے جوانوں نے پاکستان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Smuggling Attempt on Indo Pak Border سرحد پر پاکستانی ڈرون نظر آیا، بی ایس ایف کی فائرنگ
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے کہا تھا کہ جموں کے سرحدی گاؤں میں ڈرون کے ذریعے ہتھیار اور منشیات کو جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کو زندہ کرنے اور ان کو بڑھاوا دینے کے لیے گرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت جموں و کشمیر میں پرامن ماحول ہے۔ پاکستان اسے دوبارہ خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کے تار سرحد پار سے پاکستان سے جڑی ہوئی ہے۔ یہ باتیں ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے پولیس کے زیر اہتمام جموں میراتھن کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں تھی۔