رامبن:جموں وکشمیر پولیس نے ضلع رامبن کے بانہال علاقے میں کشمیر سے پنجاب کی طرف جانے والی ایک نجی گاڑی سے ایک سو کروڑ روپیہ مالیت کی 30کلو ہیرؤن برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی سرینگر جموں شاہراہ پر ریلوے چوک بانہال کے نزدیک جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں نے ایک نجی گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے 30کلو ہیرؤن جس کی مالیت ایک سو کروڑ روپیہ ہے کو برآمد کیا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دو افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا اور ان سے پولیس کے سینئر آفیسران تفتیش کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے اسمگل کی جانے والی ہیرؤن کو شمالی کشمیر سے پنجاب منتقل کیا جارہا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے اور اس ضمن میں مزید گرفتاریاں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) نے سرینگر کے گنگ بگ علاقے میں کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے لگ بھگ کروڑوں روپیے مالیت کی 3.5 ہیراؤن جیسا مواد برآمد کی ہے۔