رام بن (جموں و کشمیر) : جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع رام بن کے نچلانہ علاقے میں جمعرات کی صبح گاڑی پر درخت گر آنے کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع رام بن کے نچلانہ علاقے میں سرینگر جموں شاہراہ پر پیش آیا اور ایک فوجی گاڑی پر اچانک ایک درخت گر آیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمی ہوئے اہلکاروں کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔ فوری طور پر زخمی ہوئے اہلکاروں کو شناخت نہیں ہو پائی۔ یاد رہے کہ سرینگر جموں شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات، مٹی کے تودے گر آنے، چٹانین کھسکنے اور سڑک سے پھسل کر گاڑیاں لڑھک جانے کے سبب لوگوں کی جانیں تلف ہو جاتی ہیں، اس طرح کے اکثر واقعات ہائی وے پر ضلع رام بن میں پیش آتے ہیں۔ ان حادثات میں نہ صرف قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے بلکہ ان حادثات میں بعض اوقات زخمی ہوئے افراد عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: Army Vehicle Accident in Ganderbal: گاندربل فوجی گاڑی حادثہ میں ایک جوان ہلاک، دو دیگر زخمی
سرینگر جموں شاہراہ وادی کشمیر کے لیے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے اور موسمی خرابی کے سبب اکثر و بیشتر ٹریفک کے لیے بند رہتی ہے۔ زیادہ دیر تک شاہراہ بند رہنے سے وادی میں غذائی اجناس کی قلت ہو جاتی ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ کو پورے سال قابل آمد ورفت بنانے کے لیے ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ قبل شاہراہ کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا تاہم سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کیے جانے کے باوجود شاہراہ ویسی کی ویسی ہے۔
یو این آئی