ٹیسٹ رپورٹ کے آنے کے بعد میونسپل قصبہ کے وارڈ نمبر سات رلو محلہ اور وارڈ نمبر دو کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے، جبکہ عملے کے دوسرے فرد کا تعلق چمواس کے گاؤں حالہ سے تعلق ہونے کے باعث اس گاؤں کو بھی ریڈ زون میں شامل کر دیا گیا ہے- بینک عملے کا ایک فرد وارڈ نمبر 7 میں کرایہ کے کمرے میں رہائش پزیر ہے- اس مکان میں رہائش پزیر تیس کے قریب افراد کو سرکاری قرنطینہ پر رکھ کر ان کے نمونے لیے جائیں گے-
ضلع مجسٹریٹ رامبن ناظم زئی خان کی طرف سے اجراء کئے گئے ایک حکم نامہ کے تحت قصبہ کے دو واڑوں کے ریڈ زون قرار دے کر اس کے نزدیکی وارڈز کو بفر زون قرار دیا گیا ہے- ان علاقوں میں آنے اور جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور بانہال قصبہ میں سخت ترین لاک جاری کر دیا ہے۔ تمام کاروباری، دوکانوں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
واضح رہے تین روز قبل بنک برانچ کے ایک ملازم کا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بنک کو سیل کر کے بنک میں تعینات تمام ملازمین کو قرنطینہ پر رکھ کر ان کے نمونے ٹیسٹ کے لئے لیے گئے تھے۔ اس طرح ضلع میں مثبت مریضوں کی تعداد 201 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 83 صحت یاب ہوکر گھر چلے کئے ہیں جبکہ 118 ضلع کے مختلف کووڈ-19 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔