جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے صدر قصبہ میں گزشتہ ہفتے سے ضلع انتظامیہ نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے اور آج لاک ڈاون میں 9 بجے سے 12 بجے تک ڈھیل دی گئی تاکہ شہری ضروری اشیاء کی خریداری کر سکیں۔
ضلع رامبن میں تین دن کے مکمل لاک ڈاؤن کے بعد آج دکانیں کھلیں اور عوامی نظام تقسیم کی دکانوں پر صارفین کی بھیڑ سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے نظر آئی۔
ضلع پولیس کے اہلکاروں نے سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے عوامی نظام تقسیم کی دکانوں پر لوگوں سے گزارش کی کہ وہ دکان کے باہر قطار میں کھڑے ہوں اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے لوگوں کی مدد بھی کی۔
اس موقع پر کانگرس پارٹی کے ضلع صدر ایڈوکیٹ ارون سنگھ راجو نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ کو بتایا کہ عالمی وبا کی روک تھام کے لیے ضلع رامبن کی عوام انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم انہوں نے ضلع انتظامیہ رامبن سے دن میں دو بار ڈھیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'پسماندہ ضلع رامبن کی بیشتر آبادی دور دراز علاقوں میں آباد ہے اور رابطہ سڑکیں نقل وحرکت کے لیے مکمل بند ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلومیٹر کا سفر پیدل ہی طے کرنا پڑتا ہے اور تب تک ضروی اشیاء کی دکانیں بند ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ سے دو گھنٹے صبح اور دو گھنٹے شام کے وقت ڈھیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔