جموں: جموں وکشمیر کے رام بن ضلع کے سناسر سیاحتی مقام میں ہوٹل عمارت سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں دو افراد زندہ جھلس جانے سے برسر موقع ہی از جان ہوئے جب کہ چار دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے۔ زخمی اور ہلاک ہونے والے ہوٹل کے ملازم تھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے آگ کی وجوہات جاننے کی خاطر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔ اطلاعات کے مطابق رام بن کے سناسر میں جمعرات علیٰ الصبح ہوٹل ماں شانتی کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً عمارت کو پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی پولیس فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی، تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو افراد زندہ جھلس جانے سے از جان ہوئے جب کہ چار کو زخمی حالت میں عمارت سے باہر نکال کر ضلع اسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ ہوٹل میں موجود لوگوں کو باہر آنے کا موقع ہی نہیں ملا جس وجہ سے اس دلدوز آگ کی واردات میں دو افراد ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت رام کمار ولد رام داس ساکنہ سانبہ کے طور ہوی جبکہ دوسری لاش کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔ دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے آگ کی وجوہات جاننے کی خاطر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جنہیں فوری طورپر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: Fire Incident In Kokernag کوکرناگ میں شاپنگ کمپلیکس میں آتشزدگی
یو این آئی