رامبن: جموں کشمیر پولیس میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رفیق نائک، گیارہ مئی ڈیوٹی کے دوران رامبن ضلع میں پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوئے تھے، تاہم ربیز میں مبتلا ہونے کے بعد وہ گزشتہ روز انتقال کرگئے۔
محمد رفیق کے قریبی رشتہ داروں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پچھلے دو ہفتوں سے وہ کافی بیمار تھے جس کے بعد ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں علاج کے لئے منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں آل انڈیا میڈیکل انسٹیٹیوٹ جانے کے لئے مشورہ دیا، ایمز میں ڈاکٹروں نے طبی جانچ کرنے کے بعد اسے "ریبیز مریض قرار" تھا اور علاج کرنے کے بعد انہیں اپنے گھر میں رہنے کا مشورہ دیا۔
وہیں ضلع پولیس رامبن نے مذکورہ پولیس افسر کی موت پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع پولیس رامبن نے ایک انتہائی مخلص، محنتی، اور بہادر پولیس افسر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رفیق کو کھو دیا ہے۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد رفیق کو تقریباً تین ماہ قبل پولیس اسٹیشن رامبن میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ایک ریبیز سے متاثرہ کتے نے کاٹا تھا۔ وہ یقیناً ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ہم نے صرف ایک پولیس افسر نہیں کھویا، بلکہ اپنے پولیس خاندان کے ایک فرد کو کھو دیا ہے۔ اس مشکل وقت میں پولیس پسماندگان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔
مزید پڑھیں: World Rabies Day 2022 عالمی سطح پر تین ارب سے زائد لوگوں میں ریبیز کا خطرہ
ریبیز بیماری:
واضح رہے کہ ریبیز ایک وائرل بیماری ہے جو گرم خون والے جانداروں کی تمام اقسام کو متاثر کرسکتی ہے۔ ریبیز جانوروں کے کاٹنے یا اس کے ناخن لگنے سے پھیلتا ہے۔ یہ بیماری گھریلو اور جنگلی جانوروں کو متاثر کرتی ہے۔ اور ان جانوروں کے رابطے میں آنے سے لوگوں میں پھیلتی ہے۔ اس انفیکشن کی وجہ سے اگر مریض کی حالت مزید خراب ہو جائے تو موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ریبیز کی علامات:
ریبیز کی پہلی علامات کمزوری یا بے چینی ہے، یہ بخار یا سر درد کے ساتھ فلو کے شکل میں ہوسکتا ہے۔ یہ علامات کئی دنوں تک رہ سکتی ہیں۔ کاٹنے کی جگہ پر تکلیف یا خارش کا احساس بھی ہو سکتا ہے، جو چند دنوں میں دماغ کی خرابی، بے چینی، الجھن جیسی شدید علامات میں بدل جاتا ہے۔ جیسے جیسے بیماری بڑھتی ہے، ویسے ویسے غیر معمولی رویے، ہائیڈروفوبیا (پانی کا خوف) اور نیند کی بیماری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بیماری کی شدید مدت عام طور پر 2 سے 10 دن کے بعد ختم ہوجاتی ہے۔