جموں و کشمیر، ضلع رامبن کے سب ڈویژن بانہال میں سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے وسیم رضوی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر احتجاج کیا۔ اس دوران مظاہرین نے وسیم رضوی کا پتلا نذر آتش کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ وسیم رضوی ملک میں بھائی چارے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے ایسے لوگوں کو پھانسی دی جانی چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص اس طرح کی مذموم حرکت نہ کرسکے۔
جامعہ مسجد بانہال کے امام نے کہا کہ قرآن کریم آخری آسمانی کتاب ہے۔ اس پر پوری دنیا کے تمام فرقوں کے مسلمانوں کا مکمل اتفاق ہے کہ قرآن کریم اپنی نازل شدہ صورت میں پوری دنیا میں موجود ہے اور تا قیامت تک باقی رہے گا۔ قرآن کریم کی کسی آیت میں تبدیلی، ترمیم اور تنسیخ کے متعلق سوچنا تو دور اس کے ایک زیر و زبر اور ایک نقطہ تک میں ترمیم کی قطعی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وسیم رضوی نے سپریم کورٹ میں قرآن کریم کی 26 آیات کو منسوخ کرنے کے لیے ایک پٹیشن دائر کی ہے، جس پر ملک کے گوشے گوشے میں احتجاج کیا جارہا ہے اور وسیم رضوی کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ وہیں، شیعہ فرقے کے علماء نے وسیم رضوی کو اسلام سے خارج قرار دے دیا ہے۔