ضلع رامبن میں نواز احمد سوھل نے آج آزاد امیدوار کے طور پر بلاک ڈیولپمنٹ کے چیئرمین کے لیے بلاک رامسو میں پہلا پرچہ داخل کر دیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے مطابق بلاک رامسو میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 اکتوبر ہے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 10 اکتوبر کو ہوگی۔
امیدواروں کی جانب سے کاغذات واپس لینے کے لیے 11 تاریخ مقرر رکھی گئی ہے۔ ووٹنگ 24 اکتوبر کو صبح 9 سے دوپہر 1 بجے تک ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 3 بجے شروع ہوگی۔
بلاک میں کل ووٹرز کی تعداد 120 ہے جن میں پنچ اور سرپنچ شامل ہیں۔
پنچایتی راج نظام کے اس دوسرے مرحلے میں پنچ اور سرپنچ کونسل کے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بلاک ڈولپمنٹ کونسل کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ضلع میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ عوام نے حکومت کے انتخابات کرانے کے فیصلے کی ستائش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ انکے علاقے میں ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے سینکٹروں ہند نواز سیاسی رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم چند روز قبل جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے تقریباً دو ماہ کے بعد جموں کے تمام سیاست دانوں کو رہا کرتے ہوئے ان سیاست دانوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔
یہ اقدم مقامی بلاک ڈیولپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) کے انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ان سیاست دانوں کو انتخابی عمل میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ لیکن وادی کشمیر کے سیاستدان اب بھی نظر ہیں۔ وادی کے نظر بند سیاسی رہنماؤں میں سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی بھی شامل ہیں۔