جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پتنی ٹاپ میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم جموں نے پٹنی ٹاپ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے آٹھ روزہ (24 سے 31دسمبر) ونٹر کارنیول اور کرسمس فیسٹیول کا انعقاد کیا.
کارنیول منعقد کرنے کا مقصد سیاحوں کو سیاحتی مقام کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ پتنی ٹاپ اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں سیاحتی مقامات فروغ دینا ہے۔
فیسٹیول کے افتتاحی تقریب میں یونین ٹریٹری کے نامور فنکاروں کی طرف سے مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے جبکہ مختلف محکموں کی جانب سے متعدد اسٹالز کے علاوہ فوڈ اسٹالز بھی اس تقریب میں توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔
ونٹر کارنیول اور کرسمس فیسٹیول کا افتتاح پتنی ٹاپ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سچن دیو سنگھ جموال کے بدست کیا گیا، اس موقع پر اسٹیٹ ڈائریکٹر ٹورزم بٹوت اومیش شان، ٹورسٹ افیسر بٹوت ظہیر نائیک، ٹوریسٹ آفیسر راجیش رینا اور متعدد افسران کے علاوہ کثیر تعداد میں سیاح بھی موجود تھے۔
سی ای او سچن دیو سنگھ جموال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ روزہ کارنیول میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں، کھیل اور دیگر دلچسپ واقعات کو پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے سیاحتی مقامات کی سرگرمیاں کافی متاثر ہوئی تھی جس کو بحال کرنے اور مزید فروغ دینے کے لیے ہمارے ڈپارٹمنٹ نے اس فیسٹیول کا انعقاد کیا ہے۔
اس ضمن میں سی ای او نے مختلف ہوٹل ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحوں کے قیام کے دوران کووڈ-19 کے ایس او پی پر عمل کریں اور سرمائی کارنیوال کے دوران ڈسکاؤنٹ پیکیج بھی پیش کریں۔
انہوں نے ٹور اینڈ ٹریول ایجنٹوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ قریبی سیاحتی مقامات کے لیے پرکشش پیکج تیار کریں، جس میں سناسر، پتنی ٹاپ اور بھدرواہ کے علاوہ دیگر مقامات شامل ہوں تاکہ تمام لوگ سیاحت کی سرگرمیوں سے مستفید ہوسکیں۔