رام بن (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے سربراہ غلام نبی آزاد نے صوبہ جموں کے ضلع رام بن کا دورہ کرکے سب ڈویژن رام سے کے دور افتادہ علاقہ نیل میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ خطاب میں غلام نبی اازاد نے ڈوڈہ بس حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے دور حکومت میں چناب ویلی کی سڑکوں کیلئے روڈ ٹرانسپورٹ کی 80 بسیں مختص رکھی گئی تھیں تاہم میرے دور حکومت کے بعد آئی حکومت کے وزیر اعلیٰ نے وہ بسیں مٹھائی کی طرح باقی علاقوں میں تقسیم کیں۔‘‘
غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر کے اپنے دور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے دعویٰ کیا: ’’بطور وزیر اعلیٰ میرے دور میں اتنے تعمیراتی کام انجام دیئے گئے جتنے ستر برسوں میں باقی وزراء اعلیٰ نے انجام نہیں دیئے تھے۔‘‘ انہوں نے اپنی سیاسی پارٹی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کا تعارف کراتے ہوئے کہا: ’’یہ عوامی پارٹی ہے، اور عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالنا اور لوگوں کو پرامن اور باوقار زندگی فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔‘‘ آزاد نے کانگریس صدر وقار رسول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی کاموں کے بجائے تعمیراتی کمپنیز کے ساتھ اپنے مفادات کیلئے کام کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: Gh Nabi Azad In Ramban غلام نبی آزاد نے تعزیت پرسی کیلئے رامبن کا دورہ کیا
جلسہ کے دوران دیگر کئی سیاسی پارٹیز کے درجنوں ورکروں نے ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور غلام نبی آزاد نے اپنی پارٹی میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ تاہم غلام نبی آزاد نے خراب صحت وجہ بتا کر میڈیا کے ساتھ گفتگو نہیں کی۔ آزاد کے ہمراہ پارٹی کے دیگر لیڈران بشمول محمد سلمان نظامی، ڈی ڈی سی کونسلر فیاض احمد نائیک، شکیل سنگھ بھگت وغیرہ موجود تھے۔