رامبن: صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رامبن میں ’’پبلک آؤٹ ریچ پروگرام‘‘ کو جاری رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بلاک رامسو کے پرمندر، نیل علاقے میں ایک میگا بلاک دیوس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ بلاک دیوس میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن، ڈاکٹر شمشاد شان اور ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کے ہمراہ ڈی ڈی سی کونسلر رام سو اے بشیر نائک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس شرما کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
دور افتادہ علاقہ نیل میں بلاک دیوس کے انعقاد پر پی آر آئی ممبران سمیت مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ بلاک دیوس میں متعدد علاقوں سے آئے عوامی وفود نے اپنے اپنے علاقہ جات کے مسائل سے حکام کو آگاہ کیا۔ ڈی سی رام بن نے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔
مزید پڑھیں: Block Diwas in Awantipora اونتی پورہ میں بلاک دیوس کا اہتمام
بلاک دیوس میں نیل علاقے کے کئی دیہات - گگونی، جراڈی، تلا، ہرواڑی، باٹو اور پرہندر کے باشندوں نے شرکت کرکے رابطہ سڑکوں کی مرمت، بجلی اور پانی کی بلا خلل سپلائی، صحت عامہ کو یقینی بنائے جانے کے مطالبہ کیا۔ مقامی ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا نوٹس لیا گیا اور جلد ہی ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔