مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن کے سب ڈویژن گول میں پرتھمولہ بائی پاس کی خستہ حالی سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن رامبن نے سال 2005 میں گول سے پرتھمولہ تک 15 کلو میٹر لمبی شاہراہ کا کام شروع کیا۔ تاہم صرف دو کلو میٹر سڑک کو میکڈمائز کر کے کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا۔'
مقامی باشندوں نے مزید کہا کہ 'سڑک کے کنارے پانی کی نکاسی، نالیوں کا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑک معمولی بارشوں میں جھیل جیسا منظر پیش کرتی ہے، کیچڑ اور دلدل میں مسافر گاڑیوں کا سڑک پر چلنا ناممکن ہو جاتا ہے۔'
خستہ حال سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں، مقامی آبادی اور مسافرین کو عبور و مرور میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 'انہوں نے اس ضمن میں کئی بار متعلقہ محکموں اور افسران سے رابطہ قائم کیا۔ تاہم کھوکھلے وعدوں اور یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔'
اس سلسلے میں ڈویژن انجینئر رامبن مقبول حسین چودھری نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ سڑک کی مرمت کرکے اس پر تارکول بچھانے کا کام جلد مکمل کرکے عوام کی پرشیاینوں کا ازالہ کیا جائے گا۔