نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج بانہال اور رامبن کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں این سی پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 5 اگست 2019 کو کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد امن قائم ہوگا لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بار بار کہہ رہی ہے کہ جموں و کشمیر کی صورتحال بہتر ہے، لیکن بے گناہوں کی ہلاکتوں نے بی جے پی کے دعووں کی پول کھول دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کو سمجھائے کے بغیر کبھی بھی امن واپس نہیں آتا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ 'میں دعا کرتا ہوں کہ دونوں ممالک (بھارت پاکستان) کے درمیان دوستانہ ماحول ہو تاکہ جموں و کشمیر میں امن بحال ہو۔
پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہا کہ این سی ایسی واحد جماعت ہے جس نے مشکل وقت میں جموں و کشمیر کا ساتھ دیا اور ہمیشہ مشکل حالات سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بچایا۔
مزید پڑھیں: ہلاکتوں میں ملوث افراد کی گرفتاری نہ ہونا تشویشناک: غلام نبی آزاد
ان کے ساتھ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر اور جموں کے صوبائی صدر رتن لال گپتا بھی تھے۔