سرحدی ضلع راجوری کے تھنہ منڈی میں لوگوں نے گیارہ (11) کلومیٹر طویل ہسپلوٹ - منگوٹہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد استعمال کیے جانے پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ضلع انتظامیہ کےخلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی میں سنہ 2019میں سڑک کی میگڈمائزیشن انجام دی گئی جو چند ماہ کے دوران ہی خستہ ہو گئی، جس کے سبب راہگیروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اسرار کے بعد پی ایم جی ایس وائی (PMGSY) کی جانب سے سڑک کی میگڈمائزین اور بلیک ٹاپنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ تاہم انکے مطابق سڑک کی تعمیر میں ایک بار پھر غیر معیاری مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مقامی باشندوں نے سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد استعمال کرنے پر پی ایم جی ایس وائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے متعلقہ افسران و ٹھیکہ دار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک کی مقرہ معیار کے مطابق از سر نو تعمیر کیے جانے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں: راجوری: محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام منعقد ٹریننگ پروگرام کا اختتام
احتجاج کر رہے مقامی باشندوں نے متعلقہ محکمہ سمیت ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر میں ناقص مواد استعمال کیے جانے سے نہ صرف لوگوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اس سے عوامی پیسوں کا زیاں بھی ہو رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’متعلقہ ٹھیکہ دار اور محکمہ کے افسران کی ملی بھگت کے بغیر اس طرح کی دھاندلی ممکن نہیں۔‘‘