جموں: سی پی آئی (ایم) کے سینئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی جموں کشمیر، ایم وائی تاریگامی، نے کہا کہ دفعہ 370 سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے تناظر میں نظرثانی کی عرضی دائر کی جا رہی ہے اور اس حوالے متعلقین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ ایسے میں سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کیا جائے گا تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو انصاف مل سکے۔‘‘ سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
تاریگامی نے کہا کہ ’’جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370 کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کی جانب سے دئیے گئے حالیہ فیصلے کے بعد جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتیں نظر ثانی درخواست دائر کرنے سے متعلق مشاورت کرنے جا رہی ہیں اور جلد ہی اس پر حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کے سلسلے میں جموں وکشمیر کی ہم خیال سیاسی جماعتیں اور درخواست دہندگان مل کر جلد ہی آپسی مشاورت کرکے درخواستیں تیار کر کے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
ایم وائی تاریگامی نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کو جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں سے نا انصافی کی گئی اور غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے دفعہ 370 سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کر کے جو فیصلہ 11 دسمبر کو سنایا اس سے یہاں کے لوگ کسی بھی صورت مطمئن نہیں ہیں۔ ایسے میں اب پھر سے جد وجہد کی جائے گی تاکہ جموں وکشمیر کا کھویا ہوا وقار دوبارہ بحال ہو سکے۔
مزید پڑھیں: سپریم کوٹ کا فیصلہ کوئی خدائی حکم نہیں، دفعہ 370 کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی: محبوبہ مفتی
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف دائر عرضیوں کی سماعت رواں برس اگست ماہ میں شروع کی۔ اس کے بعد 11دسمبر 2023 کو کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے 5 اگست 2019 کو حکمران جماعت بی جے پی کی جانب جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370 کی منسوخی پر قانونی مہر لگا دی۔