راجوری: سرحدی ضلع راجوری کے جنگلی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جاری تصادم کے بیچ پولیس، فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے سینئر افسران جائے موقع پر موجود ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ گھنے جنگلوں میں موجود عسکریت پسندوں کو مار گرانے کی خاطر فضائیہ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے جنگلی علاقے سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور شمالی کمان کے سربراہ ہنگامی طور پر راجوری پہنچے جہاں پر وہ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جنگلی علاقے میں محصور عسکریت پسندوں کو مار گرانے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پیرا کمانڈوز نے جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیے ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسند ایک غار میں چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ راجوری کے کنڈی بلٹ میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری تصادم میں 5 فوجی جوان از جان جب کہ ایک زخمی آفیسر کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ جن فوجی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہیں ان کی شناخت لانس نائک روچن سنگھ راوت ساکن کنی گڑھ اتراکھنڈ، پیرا ٹروپر سدھانت چھیتری ساکن دارجلنگ مغربی بنگال، لانس نائک اروند کمار ساکن سوری ہماچل پردیش، حوالدار نیلم سنگھ ساکن ڈلپت جموں و کشمیر اور پیرا ٹروپر پرمود نیگی ساکن شلائی ہماچل پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ راجوری کے بھاٹا دوریاں میں فوجی گاڑی پر حملہ کرنے میں ملوث عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 'راجوری کے کنڈی جنگل میں جنگجوؤں کے چھپنے سے متعلق مخصوص اطلاع ملنے پر تین مئی کو مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا اور پانچ مئی کی صبح قریب ساڑھے سات بجے ایک غار میں چھپے عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا۔'
مزید پڑھیں: Encounter in Rajouri راجوری تصادم میں پانچ فوجی جوان ہلاک، انٹرنیٹ خدمات معطل
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک آئی ای ڈی دھماکہ کر دیا جس کی زد میں آکر دو فوجی جوان موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ ایک افسر سمیت چار دیگر زخمی ہوگئے'۔ بیان کے مطابق زخمی جوانوں کو کمانڈ ہسپتال اودھم پور منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں پانچ فوجی اہلکاروں کو مردہ قرار دیا جب کہ ایک آفیسر کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع کی طرف فوج کی اضافی ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محاصرے میں دو سے تین عسکریت پسند پھنسے ہوئے ہیں جو راجوری کے بھاٹا دوریاں میں فوجی گاڑی پر حملہ کرنے میں ملوث ہیں۔