راجوری: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بھاٹی دھار علاقہ کے وارڈ نمبر 11 کو بالآخر طویل جدو جہد کے بعد رابطہ سڑک کے ذریعے قصبہ تھنہ منڈی سے جوڑ دیا گیا۔ اس موقع پر علاقہ کے مکینوں نے کہا کہ ان کی جانب سے گزشتہ پچاس سالوں سے جاری جدوجہد اور محنت بالآخر رنگ لائی اور اس علاقے کو رابطہ سڑک کے ذریعے قصبہ تھنہ منڈی سے ملا دیا گیا۔
انہوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بے شکیل احمد میر کی ذاتی کوششوں اور کاوشوں کی بدولت ہی یہ سب ممکن ہوا۔ مکینوں نے کہا کہ چیئرمین شکیل میر نے بڑی لگن اور محنت سے کام کرتے ہوئے مختصر مدت میں اس روڈ کی تعمیر کے لیے رقومات واگزار کرانے میں اہم رول ادا کیا۔ جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین موصوف نے ربن کاٹ کر باضابطہ اس روڈ کا افتتاح کیا، اس دوران ان کے ساتھ تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ اور میونسپل کمیٹی کے تمام واڈوں کے کونسلز کے علاوہ علاقہ بھر سے عوامی نمائندوں، پنچوں، سرپنچوں، مکینوں، اخباری نمائندوں اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نامور سماجی کارکن نثار حسین خان نے میڈیا کو بتایا کہ یقینی طور پر اس روڈ کی تعمیر سے یہاں کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام پچھلے پچاس سالوں سے اس روڈ کی تعمیر کے لیے جدو جہد کر رہی تھی لیکن آج وہ بےحد خوش ہیں کیونکہ آج وہ اپنی آنکھوں سے اس روڈ کا افتتاح ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ نثار خان نے مزید کہا کہ اس روڈ کی تعمیر سے یہاں کی عوام کو راحت ملے گی۔ انہوں نے اس روڈ کو اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نثار خان نے کہا کہ یقیناً اب یہاں کے بچوں کو سکول آنے جانے میں کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اس سڑک کی تعمیر سے یہاں کے مکینوں اور خاص کر طلباء کو بڑی راحت ملے گی۔ نثار خان نے اپنے کئی دیگر ساتھیوں سمیت تحصیل و ضلع انتظامیہ اور خاص کر چئیرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رامبن: بانہال میں رابطہ سڑک کا افتتاح
وہیں مقامی لوگوں نے کہا کہ ستر سالہ خواب پورا ہواہے۔ آزادی سے لیکر آج تک ہم لوگ مسلسل رابطہ سڑک کی مانگ کر رہےتھے مگر کبھی بھی ہماری فریاد نہیں سنی گئی۔ بلا آخر چیئرمین مونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمدمیر نے سڑک کی تعمیر کر کے ہماری کئی طرح کی پریشانیوں کو حل کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق جب کوئی بیمار ہو جاتا تھا، تب پرانے زمانےکی طرح کندھے پر اٹھا کر ہسپتال لے جایا جاتا تھا۔ بچوں کو اسکول جانے میں بھی کافی دشواری ہوتی تھی۔ اب بہت ساری پریشانیوں کا حل ہوچکا ہے اس کے لئے ہم ضلع انتظامیہ و تحصیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خاص کر چیئرمین مونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔