راجوری: درج فہرست قبائل آرڈر ترمیمی بل 2023 کو منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی پہاڑی برادریوں کو ریاست کے درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے کا انتظام کیا ہے۔ پہاڑی برادری جموں، راجوری، پونچھ، بارہمولہ اور کپواڑہ میں بڑی تعداد میں رہتی ہے۔ لوک سبھا میں درج فہرست قبائل ترمیمی بل کی منظوری کے بعد پہاڑی برادری نے راجوری میں مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی میں پہاڑی برادری کے نوجوانوں اور دیگر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے اور مٹھائیاں بانٹ کر خوشی مناتے ہوئے پہاڑی لوگوں نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
راجوری میں پوٹھہ سے نکالی گئی شکریہ ریلی میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی میں مرکزی حکومت کی ستائش کے نعرے لگاتے ہوئے۔ یہ ریلی راجوری کے چلڈرن پارک پہنچی، جہاں انہوں نے مودی حکومت اور وزیر داخلہ امیت شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو خواب گزشتہ چار دہائیوں میں کوئی حکومت پورا نہیں کر سکی، وہ مودی حکومت نے پورا کر دیا۔ اس کے لیے ہم مودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب اس موقع پر مسلم وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے بل کی منظوری پر کہا کہ یہ صرف بی جے پی کی حکومت ہے جو کہتی ہے وہ کرتی ہیں۔ مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہاڑیوں کو ان کے حقوق دے کر انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ صرف بی جے پی ہی لوگوں کو ان کے حقوق دے سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: Gujjars protest in tral: پہاڑیوں کو ایس ٹی زمرے میں شامل کرنے کے خلاف گجر برادری کا احتجاج
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کی پہاڑیوں کو وہ حق دیا ہے جو اس سے پہلے کوئی حکومت نہیں دے سکی۔ پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا راستہ صاف کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی حکومت بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب بھی وہ حکومت بنائے گی۔