جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سرحدی علاقہ کالاکوٹ سے تعلق رکھنے والے عبدالصمد نے کرکٹ کی دنیا میں اپنا لوہا منواتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی۔
کرکٹ کی دنیا میں کامیابی کی وجہ سے جہاں عبدالصمد میں ایک نیا جوش و ولولہ دکھائی دے رہا ہے وہیں ان کے والدین اپنے بیٹے پر ناز کر رہے ہیں۔ اور وہ اُمید ظاہر کر رہے ہیں کہ عبدالصمد کرکٹ کی دنیا میں مزید کارنامے انجام دیکر اور نمایاں کامیابی حاصل کر کے اپنے مستقبل کو تابناک بنائے گاـ
عبدالصمد کی آئی پی ایل میں سلیکش، اہل خانہ میں خوشی کی لہر عبدالصمد 18سال کی عمر میں آئی پی ایل 2020 میں سلیکٹ ہوا اور وہ آئی پی ایل میں کھیلنے کے لئے گزشتہ روز جموں سے یو اے ای کے لئے روانہ بھی ہوگیا۔ جہاں وہ سن رائزرز حیدرآباد کے لیئے کھیلے گا۔ان کے اہلخانہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ عبدالصمد بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لئے جگہ بنا لے گا۔ بتا دیں کہ اس سے پہلے بھی جموں و کشمیر سے متعدد نوجوانوں نے آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقعہ حاصل کیا جن میں پرویز رسول، راسخ سلام، مدثر ڈار اور منظور ڈار شامل ہیں۔