راجوری: جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھانہ منڈی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔اطلاعات کے مطابق راجوری کے جنگلی علاقے دارا پیر میں سکیورٹی فورسز نے جمعے کے روز مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ملیٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا۔ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کے دوران جنگلی علاقے سے چار آئی ای ڈی، چھ یو بی جی ایل گرینیڈ، پانچ ڈٹونیٹر ، چار فیوز اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
مزید پڑھیں:
راجوری میں تلاشی آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد، پولیس
واضح رہے کہ اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے نوشہرہ کے پٹراری راجل کوٹ جنگل علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔سکیورٹی فورسز نے اس دوران سفید کپڑے میں لپٹا ہوا ایک پستول، 9 ایم ایم پستول کی 8 کارٹرج اور کچھ قابل اعتراض مواد برآمد کیا۔
بتادیں کہ راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے ایک ماہ قبل بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ جنگلی علاقوں میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن لانچ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں پچھلے چند ماہ کے دوران ملیٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر ان علاقوں میں سرگرم عسکریت پسندوں اور ان کے مدد گاروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)