راجستھان کے ضلع چتوڑ گڑھ کے بھادسوڑا تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کا ہاتھ باندھ کر لاٹھی سے پٹائی کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ یہ ویڈیو بھادسوڑا تھانہ علاقے کا بتایا جارہا ہے، حالانکہ ای ٹی وی بھارت اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔
جانکاری کے مطابق منگل کی رات ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا تھا، اس ویڈیو میں ایک نوجوان کے دونوں ہاتھ پیچھے کی طرف بندھے ہوئے ہیں اور دو افراد لاٹھیوں سے پیٹ رہے ہیں۔ نیز ایک شخص ویڈیو بنا رہا ہے۔
متاثرہ نوجوان ادے پور ضلع کے بھنڈر کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ متاثرہ نوجوان کے کنبہ نے اس معاملے میں بھنڈر پولیس اسٹیشن میں بسنتی لال، رامیشور کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے، نوجوان کی پٹائی کے پیچھے خاندانی تنازعہ کا قیاس لگایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں بھادسوڑا پولیس آفیسر بھوانی شنکر نے بتایا کہ بھنڈر سے زیرو کی ایف آئی آر کاٹ کر بھادسوڑا بھیجی گئی ہے۔ یہ معاملہ بھادسوڑا سے ساولیاجی مارگ پر سامنے آیا ہے، متاثرہ نوجوان کو اجے ادے پور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ زخموں کے سبب وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہے۔
فی الحال معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے اس کے بعد کاروائی کی جائے گی۔